کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب مکمل، مسلم لیگ(ن) کے عبدالخالق اچکزئی اسپیکر جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی غزالہ گولہ بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکرمنتخب ۔ جمعرات کو بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ میں دوپہر 12بجے تک اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی وصولی اور جمع کروانے کا سلسلہ جاری رہا
مقررہ وقت مکمل ہونے تک اسپیکر کے لئے صرف مسلم لیگ(ن) کے کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کی غزالہ گولہ نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جس کے بعد دونوں امیدوار بلامقابلہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے ۔بعدازاں بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں رکن اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی نے نو منتخب اسپیکر عبدالخالق اچکزئی سے انکے عہدے کا حلف لیا اور انہیں کرسی پر بٹھایا اس موقع پر ارکان اسمبلی نے ڈیسک بجا کر نو منتخب اسپیکر کا خیر مقدم کیا جبکہ اسپیکر نے ڈپٹی اسپیکرغزالہ گولہ سے انکے عہدے کا حلف لیا
حلف برداری کے بعد کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے اسمبلی اجلاس کی صدارت کی اور ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ سے انکے عہدے کا حلف لیا ۔یاد رہے کہ عبدلخالق اچکزئی بلوچستان اسمبلی کے 18ویں اسپیکر جبکہ غزالہ گولہ 17ویں ڈپٹی اسپیکر ہیں۔۔اسپیکر کے انتخاب میں کامیابی کے بعد اپنے چیمبر میں گفتگو کرتے ہوئے نو منتخب اسپیکر عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ بطو ر اسپیکر کے ارکان اسمبلی کو ساتھ لیکر چلنے کی کوشش کرونگا اور ایوان کو حکومت یا اپوزیشن کی تفریق کئے بغیر منصفانہ انداز میں چلائونگا۔