کراچی(این این آئی)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں کو ہائی الرٹ کردیا ہے جبکہ کل جمعہ کراچی میں سرکاری اور نجی اداروں میں ہاف ڈے ڈیوٹی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ موسمیات کی طرف سے بارشوں کی پیشگوئی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
اجلاس میںوزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔اس حوالے سے وزیراعلی سندھ نے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں کو ہائی الرٹ کردیا ہے جبکہ کل جمعہ کراچی میں سرکاری اور نجی اداروں میں ہاف ڈے ڈیوٹی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔مراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جمعہ کوغیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں، کراچی میں 2 بجے سے بارش ہونے کا امکان ہے، کراچی میں دوپہر دو بجے کے بعد مختلف اوقات میں 3 تا 4 بارش کے اسپیل ہونے کا امکان ہے۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی جی پی ڈی ایم اے)سلمان شاہ نے بریفنگ دی ہے۔بریفنگ میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ سندھ کے شمالی علاقوں میں جمعہ کی رات سے 2 مارچ تک بارش کا امکان ہے جبکہ صوبے کے وسطی علاقوں میں یکم مارچ کو بارش کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے کہا کہ سندھ بھر میں جمعرات سے بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے،جبکہ کراچی میں جمعہ کی دوپہر کے بعد بارش کا امکان ہے، شہر میں 12 گھنٹے میں 13 سے 16 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ جھل مگسی اور خضدار کے پہاڑی سلسلے سے بارش کا پانی سندھ میں آئے گا، بارش کی وارننگ ہے اس لیے ہمیں اپنی تیاری مکمل رکھنی ہے۔صوبائی سیکریٹری آبپاشی نے کہا کہ کراچی میں 3 ڈیمز بنائے ہیں۔میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ گزشتہ ماہ بارش کے دوراں نکاسی کے مسائل ہوئے، ان کو حل کیا جارہا ہے، واٹر بورڈ کی تریپن سکسیشن مشینیں ضرورت میں استعمال ہوسکتی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے کہا کہ کراچی میں بارش سے شارع فیصل پر پانی کا دبا آتا ہے، نکاسِ آب کے لیے مشینری کے ایم سی کو دیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلی سندھ نے ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک انتظامات بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی۔