ریاض (این این آئی )سعودی عرب میں محکمہ ماحولیات نے دارالحکومت ریاض کی گلیوں میں آوارہ پھرنے والے ایک شیرکی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئیاسے قابو کرلیا اور اسے مجاز ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق محکمہ تحفظ ماحولیات اور جنگلی حیات کے خصوصی دستے نے ریاض شہر کے ایک محلے میں اسپیشل فورسز کی مدد سے ریسکیو آپریشن کیا۔ اس کارروائی میں سڑکوں پر گھومنے والے شیر کوپکڑ لیا گیا۔ شیر کی طرف سے لاحق خطرے کو ختم کرنے کے بعد اسے متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔
اسپیشل فورسز فار انوائرمینٹل سکیورٹی نے کہا کہ خطرے سے دوچار جنگلی جانداروں کی تجارت، بشمول ان کا حصول ماحولیاتی قانون کے تحت ممنوع ہے۔ خلاف قانون جنگلی جانوروں کو گھروں میں پالنے پر دس سال قید اور 30 ملین ریال تک جرمانہ ہے یا دونوں سزائیں ایک ساتھ ہوسکتی ہیں۔ محکمہ ماحولیات نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ کسی جنگلی جانور کے خطرے کی صورت میں دیئے گئے رابطہ نمبروں پر مجاز حکام کوفوری مطلع کریں۔