لاہور (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف نے پارٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کیلئے نامزد اپنی صاحبزادی مریم نواز کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پارٹی صدر شہبازشریف سے سیاسی مشاورت بڑھانے کا مشورہ دیدیا ہے۔
اتوار کو سابق وزیراعظم نواز شریف اور نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نوازشریف نے کہا کہ صوبے میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ سیاسی روابط مضبوط کریں، پارٹی رہنمائوں اورعوام سے رابطے میں کوتاہی نہیں ہونی چاہیے ، بین الصوبائی رابطوں کوفروغ دینا، پنجاب کوبڑے بھائی کاکرداراداکرنا ہوگا، صوبوں کے درمیان سیاسی ہم آہنگی کو فروغ دیں۔