اسلام آباد (این این ائٓی)مسلم لیگ(ن)کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)کے قائد نواز شریف سیاست سے کنارہ کشی اختیار نہیں کررہے بلکہ وہ وفاق اور پنجاب میں سیاسی امور کی اور ہماری رہبری کررہے ہیں۔ایک انٹرویومیں خرم دستگیر نے کہا کہ نواز شریف سیاست سے کنارہ کشی اختیار نہیں کررہے،
وہ وفاق اور پنجاب میں سیاسی امور میں مسلم لیگ(ن)اور ہماری رہبری کررہے ہیں اور ضرورت پڑنے پر میٹنگ بھی کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم سب کی خواہش تھی کہ وہ چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بنتے، پہلے بھی 2013 میں انہوں نے ملک میں دہشت گردی، لوڈشیڈنگ اور کراچی میں بدامنی جیسے مسائل سے لڑ کر دکھایا تھا لیکن اب انہوں نے ایک فیصلہ کیا ہے تو ہم اس کا احترام کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ سیاست میں ہم دلبرداشتہ نہیں ہوتے اور عوام نے جو بھی فیصلہ دیا ہے اس کی بنیاد پر ہی آگے بڑھنا ہے ،
نواز شریف یہ سمجھتے ہیں کہ شہباز شریف کو حال ہی میں 15 جماعتی حکومت چلانے کا تجربہ ہے اور وہ غالبا اس وقت ملک کو زیادہ بہتر طریقے سے آگے لے کر چل سکتے ہیں۔مسلم لیگ(ن)کے رہنما نے کہا کہ کھل کر تنقید ہم نے برداشت کی ہے، 126 دن کا دھرنا بھی سہا تھا اور ہم معاملے میں بہت تجربہ کار ہیں لیکن اس مرتبہ مجھے توقع ہے کہ اس مرتبہ حلف اٹھانے کے بعد شہباز شریف قوم کو تلخ معاشی حقائق سے آگاہ کریں گے اور اسی بنیاد پر ایوان سے سخت فیصلوں کا مطالبہ کریں گے۔