ریاض (این این آئی )سعودی خلاباز بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں آٹھ دن قیام کے بعد واپس زمین پر پہنچ گئے ،میڈیارپورٹس کے مطابق دوسرے آل پرائیویٹ مشن جس میں دو سعودی خلاباز بھی شامل ہیں خلائی سٹیشن پر آٹھ روزہ سائنسی ریسرچ کے بعد بدھ کو امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل کے قریب اترے۔
سپیس ایکس کریو ڈریگن کیپسول جو انہیں لے کر آیا نے 12 گھنٹے کی واپسی کی پرواز کی۔ اور خلا سے زمین کی فضا میں داخلے کے بعد خیلج میکسیکو میں پیرا شوٹ کے ذریعے اتارا۔ یہ علاقہ فلوریڈا کے ساحل کے قریب پانامہ سٹی میں میں ہے۔واپسی کی اس پرواز کو سپیس ایکس اور مشن کے پیچھے موجود کمپنی ایکژیوم سپیس کی طرف سے مشترکہ ویب کاسٹ کے ذریعے براہ راست نشر کیا گیا۔
مشن میں شامل سعودی خلابازوں علی القرنی اور ریانہ برناوی نے بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر آٹھ روزہ قیام کے دوران سعودی سکول کے بچوں کے ساتھ تجربات میں حصہ لیا۔خلانوردوں کا سپیش شپ ایکس ڈریگن 300 پانڈ سے زائد سامان کے ساتھ زمین پر واپس پہنچا جس میں ناسا کے سائنسی آلات کے علاوہ 20 سے زیادہ مختلف تجربات کا ڈیٹا شامل ہے۔جب کیپسول کا دروازہ کھلا تو زمین کا چکر لگانے والی پہلی عرب خاتون ریانہ برناوی نے کیمرے کو دیکھ کر کامیابی کے نشان کے طور پر اپنا انگوٹھا اوپر کی جانب کر کے اشارہ کیا۔