لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ پچاس لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں ،کٹے چھے انڈے مرغیاں سب فراڈ تھا ،فراڈیوں کو دوبارہ نہیں آنے دینا ،انہوں نے پاکستان کا ستیا ناس کیا ہے، ہم پاکستان کو دوبارہ ڈگر پر لائیں گے ، اس کی دوبارہ تعمیر کریںگے، یوتھ میں جو جذبہ دیکھ رہا ہوں یہ پاکستان میں انقلاب پیدا کر دے گا ،یہ پاکستان کی تقدیر بدلے گا ، ہمیں بہت ٹھوکریں لگی ہیں ہم نے بڑی ٹھوکریں کھائی ہیں لیکن اب ہمیں ٹھوکروں سے باہر نکلنا ہے مشکلوں سے باہر نکلنا ہے ،ہم نے پھر ترقی کی دوڑ میں شامل ہونا ہے اور ایشین ٹائیگر بننا ہے اور یوتھ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے آخری جلسے کے سلسلہ میں قصور میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلسے سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے بھی خطاب کای ۔ نواز شریف نے کہا کہ کھڈیاں میں جشن کا سماں ہے ،الیکشن تو پرسوں ہے یہ جشن آج ہی ہو رہا ہے ،جلسے سے باہر ایک اور جلسہ ہو رہا ہے ،نواز شریف آپ کے جذبات پر قربان ہے ،جتنے پیار سے آپ مجھے آئی لو یو کہہ رہے ہیں اس سے دس گنا پیار سے نواز شریف کہہ رہا ہے کہ مجھے بھی آپ سے پیار ہے ۔ کہتے ہیں یوتھ ا س کے ساتھ ہے ، یوتھ تو یہاں بیٹھی ہے ، یوتھ تو ہمارے ساتھ ہے ،میرے اندر بھی یوتھ کا جذبہ ہے ، یوتھ پاکستان کے ساتھ ہے ،مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے ۔مجھے اس جذبے کی سمجھ آتی ہے اس جشن کی سمجھ آتی ہے کہ کیونکہ شہباز شریف یہاں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
ان شا اللہ اللہ کے فضل و کرم سے کھڈیاں کی تقدیر بدلنے والی ہے ۔ نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف صاحب آپ 9فروری کو تو آئو گے کھڈیاں اور کوٹ رادھا کشن کو کیا دے کر جارہے ہو ،شہباز شریف کو یہاں سے جانے نہیں دینا ،میں کہوں گا آپ کھڈیاں آئے ہو تو کھڈیاں کی تقدیر بدلنی چاہیے ،نوجوانوں کو روزگار ملنا چاہیے ان کی تقدیر بدلنی چاہیے ،اگر نواز شریف کو نہ نکالا جاتا ،نواز شریف کی حکومت نہ توڑی جاتی تو دعوے سے کہتا ہوں مجمع میں میں کوئی بھی بیروزگار نہ ہوتا،سب کے پاس باعزت روزگار ہوتا ، دعوے سے دوبارہ کہتا ہوں نواز شریف کا دور جاری رہتا تو اس جلسے میں بلکہ پورے ملک میں کوئی بیروزگار نہ ہوتا،
کوئٹہ والے، پشاور والے ، لاہور اورکراچی والے بھی سن لیں پورا ملک خوشحال ہوتا ۔نواز شریف نے کہا کہ ہمیں بہت ٹھوکریں لگی ہیں ہم نے بڑی ٹھوکریں کھائی ہیں لیکن اب ہمیں ٹھوکروں سے باہر نکلنا ہے مشکلوں سے باہر نکلنا ہے ،ہم نے پھر ترقی کی دوڑ میں شامل ہونا ہے اور ایشین ٹائیگر بننا ہے اور یوتھ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائے گی ۔ شہباز شریف صاحب ان سے کام لو یہ بڑے کام کے لوگ بیٹھے ہوئے ہیں ،یوتھ پاکستان کی تقدیر بدلنے والی یوتھ ہے ، ان میں کتنا جذبہ ہے اس جذبے کو پاکستان کے لئے استعمال کریں ،یہ جذبہ پاکستان میں انقلاب پیدا کر دے گا ،ان شا اللہ پاکستان کو ٹرن ارائونڈ کرے گا ،پاکستان کی تقدیر بدلے گا ، شہباز شریف صاحب ان کو پورا پورا موقع دو ۔