فیصل آباد ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہماری جماعت گالم گلوچ اور الزامات کی سیاست نہیں کرتی بلکہ خدمت اور کارکردگی پر یقین رکھتی ہے،کیا خدمت میں (ن) لیگ کی ٹکر کا کوئی ہے؟ ،آدھی ادھوری حکومتوں کے باوجود نواز شریف کے بیان میں کوئی ایک لائن ایسی نہیں ملتی، جس سے قومی سلامتی کو دائو پر لگایا ہو،کسی کو غدار نہیں کہنا چاہتی ، حکیم رانا ثنا اللہ نے بانی پی ٹی آئی کا ایسا علاج کیا کہ بیمار نظر آتا ہے نہ بیماری۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے فیصل آباد میں منعقدہ انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ، صدر شہباز شریف سمیت سینئر پارٹی رہنما بھی موجود تھے ۔ مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جتنا جذبہ فیصل آباد میں دیکھا، کہیں نہیں دیکھا، فیصل آباد کے شیروں، شیرنیوں کو سلام پیش کرتی ہوں، آپ نے آج جس طرح ہمارا استقبال کیا مجھے لگا ہی نہیں کہ نواز شریف 4 سال یہاں نہیں تھے۔میں نے دیکھا جب رانا ثنا اللہ کا نام لیں تو سارا مجمع گونج اٹھتا ہے ،اس (ن) لیگی رہنما پر پی ٹی آئی حکومت میں منشیات کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔
فیصل آباد نے رانا ثنا اللہ کا نام حکیم رانا ثنا اللہ رکھا تھا، انہوں نے بانی پی ٹی آئی کا ایسا علاج کیا کہ نہ بیمار نظر آتا ہے اور نہ ہی بیماری نظر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ترقی کرتا ہے تو ملک ترقی کرتا ہے، صنعتیں چلتی ہیں تو مزدور کا روزگار چلتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) گالم گلوچ اور چور چور نہیں کہتی، ہم تو خدمت سے مقابلہ کرتے ہیں ،بتائیں کارکردگی میں کوئی مسلم لیگ (ن) کی ٹکر کا کوئی ہے؟۔مریم نواز نے کہا کہ ممی ڈیڈی نہیں بلکہ اصلی پاکستانی (ن) لیگ کے ساتھ ہیں۔فیصل آباد والوں نے آج اپنا فیصلہ سنادیا ہے۔ جلسے میں نوجوانوں کی جانب سے اٹھائے گئے پلے کارڈز پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں کسی کو غدار نہیں کہنا چاہتی لیکن پلے کارڈ پر لکھا ہوا ہے کہ نواز شریف کو حکومت سے تین بار نکالا گیا ، آدھی ادھوری حکومتوں کے باوجود نواز شریف کے بیان میں کوئی ایک لائن ایسی نہیں ملتی، جس سے قومی سلامتی کو دائو پر لگایا ہو۔نواز شریف کو ہرانے کے لیے کئی آئے، کئی چلے گئے، نواز شریف یہاں کھڑا ہے۔