اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے توشہ خانہ کیس میں فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا اعلان کردیا۔ تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہاکہ توشہ خانہ کیس میں کینگرو عدالت نے وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔ انہوںنے کہاکہ یہ نظام انصاف کی تضحیک ہے اور پاکستان کا عدالتی نظام بدقسمتی سے مزید پستیوں میں جا گرا ہے۔
عمر ایوب نے کہاکہ ہماری پارٹی نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی کے اصول کی پاسداری کی ہے۔ عمر ایوب نے کہاکہ موجودہ کینگرو عدالت کا فیصلہ ہمیں اس اصول سے پیچھے ہٹنے پر مجبور نہیں کر سکتا۔ عمر ایوب نے کہاکہ پی ٹی آئی کے کارکنان پرامن رہیں اور کسی بھی ایسی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں جس سے پرامن جدوجہد کے ہمارے روایتی موقف کو نقصان پہنچے۔ عمر ایوب نے کہاکہ پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جسے پورے ملک میں عوامی سطح پر مقبولیت حاصل ہے۔
عمر ایوب نے کہاکہ ہم اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کریں گے اور اپنی قانونی جنگ جاری رکھیں گے۔ عمر ایوب نے کہاکہ ہمیں 8 فروری 2024 کو پولنگ والے دن اپنی ان توانائیوں کو بروئے کار لانا ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں زیادہ ووٹر ٹرن آؤٹ کے ذریعے اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ وزیر اعظم عمران خان کے نامزد امیدواروں کو زبردست اکثریت کے ساتھ اسمبلیوں میں واپس لایا جائے۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی پاکستان کو جمہوری راستے پر گامزن کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی تاکہ قانون اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔