ممبئی (این این آئی)بھارت میں شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات اکثر کھیلوں سے متعلق تبصروں میں بھی دکھائی دیتی ہیں، ایسے ہی اداکارہ شردھا کپور بھی بھارتی کرکٹ لیگ کے سلسلے میں ایک ٹیلی ویژن چینل کی مہمان بنیں۔ بھارتی لیگ آئی پی ایل کے طے شدہ فائنل کے دن بارش کے باعث میچ ریزرو ڈے پر کھیلا گیا۔
میچ کے پہلے دن جب شردھا کپور ٹیلی ویژن پر تبصرہ کر رہی تھیں تو اس وقت ان کے ایک مداح نے اس کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔ یہی نہیں بلکہ ساتھ میں اس صارف نے یہ بھی تحریر کردیا کہ اسٹیڈیم پر بارش کی وجہ شردھا کپور ہیں۔ اداکارہ کو بھی اپنے مداح کا دلچسپ تبصرہ بھا گیا، انہوں نے اس کا یہ تبصرہ اور اسکرین شاٹ فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کردیا۔ یہی نہیں بلکہ شردھا سے متعلق اس دلچسپ تبصرے کو لے کر میمز کا بھی نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہوا۔