لاہور ( این این آئی) فرانس کے فٹبال اسٹار کیلان ایمباپے کا پاکستانی ہم شکل سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نامعلوم شخص قمیض شلوار پہن کر کسی عوامی اجتماع میں شریک ہے جس کی شکل فرانس کی فٹبال ٹیم کے کپتان کیلان ایمباپے سے کافی حد تک مماثلت رکھتی ہے۔
اس ویڈیو کلپ کو idcaleem نامی انسٹاگرام صارف نے کچھ ہفتے قبل شیئر کیا تھا جس کے ابتک ایک کروڑ ویوز اور دس لاکھ سے زیادہ لائکس ہوچکے ہیں۔ویڈیو میں ایمباپے کے ہم شکل شخص کے عقب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جھنڈے بھی دکھائی دے رہے ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ ویڈیو اندرون سندھ یا پاکستان کے ہی کسی علاقے کی ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر صارفین نے بھی دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ایمباپے نے اپنے فٹبال کلب پی ایس جی کو چھوڑ کر جئے سندھ میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ایمباپے کا لاہور فٹبال کلب سے معاہدہ ہوگیا ہے جبکہ ایک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر چیز کی سیکنڈ کاپی مل جاتی ہے۔ایک صارف نے پاکستان کی سیاست میں سیاسی جوڑ توڑ کے ماہر سمجھے جانے والے سابق صدر کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ لگتا ہے آصف زرداری نے ایمباپے کو خرید لیا ہے۔