اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ترکیہ کے صدارتی انتخابات میں دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کر دی۔وزیر اعظم نے اپنی ٹوئٹ میں صدر اردوان کو مینشن کرتے ہوئے لکھاکہ پیارے بھائی رجب طیب اردوان کو ایک بار پھر جمہوریہ ترکیہ کے صدر کا تاریخی انتخاب جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے لکھاکہ ان کا شمار چند ایسے عالمی رہنماؤں میں ہوتا ہے جن کی سیاست کی بنیاد عوام کی خدمت ہے، رجب طیب اردوان مظلوم مسلمانوں کی طاقت اور ان کے حقوق کی ایک مضبوط آواز ہیں۔وزیر اعظم نے لکھاکہ صدارتی انتخاب میں ان کی فتح اور پارلیمانی انتخابات میں ان کی پارٹی کی کامیابی کئی طرح سے اہمیت کی حامل ہیں اور ان کی لیڈرشپ پر ترک عوام کے اعتماد اور یقین کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ترکیہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات مزید آگے بڑھیں گے، میں ان کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید گہرا اور دونوں اقوام کے بھائی چارے کو مزید تقویت دینے کا منتظر ہوں۔واضح رہے کہ ترکیہ کے صدارتی انتخاب کے حتمی مرحلے میں صدر رجب طیب اردوان نے کامیابی حاصل کرلی اور وہ اگلے 5 سال کیلئے دوبارہ صدر منتخب ہوگئے۔