اسلام آباد(این این آئی)پاکستان نے متحدہ عرب امارات سے 2ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے کی درخواست کردی ہے۔ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے 2ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے صدر کو خط لکھا ہے۔ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ یو اے ای سے 2ارب ڈالر کا قرض جنوری میں میچور ہو رہا تھا،
یو اے ای کی جانب سے مجموعی طور پر3ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں رکھوائے گئے ہیں۔ایک ارب ڈالر17جنوری اور ایک ارب ڈالر 23جنوری کو میچور ہو رہے ہیں، ایک ارب ڈالر پر 3فیصد اور ایک ارب ڈالر پر6.5فیصد کی شرح عائد ہے۔ذرائع کے مطابق یو اے ای کی جانب سے 2ارب ڈالر کا ڈپازٹ جلد رول اوور کیے جانے کا امکان ہے ۔ وزیراعظم آفس اور وزارت خزانہ کی قرض رول اوورکرانے کیلئے بات چیت جاری ہے۔