لاہور ( این این آئی) سابق وزیر اعظم وپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8فروری 2024کے انتخابات پاکستان کی ترقی کا نقطہ آغاز ثابت ہوں گے، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے انقلابی اقدامات کریں گے، مالیاتی اداروں، سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ عوام کے پاکستان پر اعتماد کو بحال کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتوں کے دوران کیا ۔
سابق وزراء خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق، پارٹی رہنمائوں میاں جاوید لطیف، میاں عطا مانیکا، ملک افضل کھوکھر، محسن شاہنواز رانجھا، ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی، سردار عرفان ڈوگر، ملک سیف الملوک کھوکھر، چوہدری محمد طفیل جٹ اور محمد اشرف جٹ نے پارٹی صدر سے الگ الگ ملاقات کی ۔ ملاقاتوں میں پارٹی امور اور انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی کارکنوں اور رہنماں کے جذبے کی تعریف کی۔