مکوآنہ (این این آئی)ملک میں پٹرول کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 7 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ او سی اے سی کے اعدادوشمار کیمطابق جولائی سے دسمبر تک کی مدت میں ملک میں 3.57 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 7 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.83 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
دسمبر میں ملک میں 0.57 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈکی گئی جو نومبر کے مقابلہ میں یکساں ہے۔ نومبر میں بھی ملک میں 0.57 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔ دسمبر 2022 کے مقابلہ میں دسمبر 2023 میں ملک میں پٹرول کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 8 فیصد کی کمی ہوئی۔ دسمبر 2022 میں ملک میں 0.62 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی جو دسمبر 2023 میں کم ہو کر 0.57 ملین ٹن ہو گئی۔ واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 15 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔