اسلام آباد /کراچی (این این آئی)برانڈڈ ناشتے کی اشیا اوسطا 10 فیصد مزید مہنگی کر دی گئیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈبل روٹی بنانے والوں نے خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، یوٹیلیٹی بلوں اور نقل و حمل/ترسیل کے اخراجات کا حوالہ دیتے ہوئے مختلف بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ کر دیا ہے۔
جون 2022 میں قیمتوں میں 16 سے 17 فیصد اضافہ کرنے کے بعد مینوفیکچررز نے ستمبر 2022 میں اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اوسطا 19 فیصد اضافہ کردیا تھا، اب تیسری بار 10 فیصد کے تازہ ترین اضافے کے ساتھ صارفین کو ایک سال سے بھی کم عرصے کے دوران قیمتوں میں مجموعی طور پر 46 فیصد اضافے کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
کراچی بریڈ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ہارون اقبال شیخ نے بتایا کہ سپر فائن فلور (میدہ)کی قیمت (جس کا روٹی اور دیگر بیکری آئٹمز کی تیاری میں 65 سے 68 فیصد حصہ ہوتا ہے) 5 ہزار 700 روپے سے بڑھ کر 7 ہزار روپے فی 50 کلو تھیلا ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کی قیمت 800 روپے سے بڑھ کر 1100 روپے فی کلو ہو گئی ہے، گھی اور کوکنگ آئل کی تھوک قیمت دگنی ہو کر 560 سے 600 روپے فی لیٹر ہو گئی۔
اس تازہ اضافے کے بعد ڈبل روٹی کے بڑے، درمیانے، چھوٹے اور چھوٹے سادہ پیکٹ کے ریٹیل ریٹ بالترتیب 200، 150، 110 اور 70 روپے سے بڑھ کر بالترتیب 220 روپے، 160 روپے، 120 روپے اور 80 روپے ہو جائیں گے جبکہ دودھ والی روٹی درمیانی اور چھوٹی روٹی کی قیمت 151 اور 71 روپے سے بڑھ کر 161 اور 81 روپے میں دستیاب ہوگی، بران بریڈ کی قیمت 150 روپے سے بڑھا کر 160 روپے کر دی گئی ہے۔ برگر رول، کٹ برگر اور اسپیشل برگر کے نئے نرخ بالترتیب 40 روپے، 100 روپے اور 125 روپے ہیں جبکہ 35 روپے، 100 روپے اور 110 روپے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کی قوت خرید میں کمی کی وجہ سے گزشتہ 2 برسوں میں فروخت میں کم از کم 35 فیصد کمی آئی ہے۔مارکیٹ میں نئے مینوفیکچررز کی آمد سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ یونٹس کی تعداد گزشتہ چند دہائیوں سے 18 سے 21 یونٹس کے درمیان ہی منڈلا رہی ہے۔بہت سے لوگوں کے لیے اب ناشتہ خریدنا مشکل ہو گیا ہے، 26 مئی کو ختم ہونے والے حساس قیمت انڈیکس (ایس پی آئی)کے اعداد و شمار کے مطابق لپٹن چائے کے چھوٹے پیکٹ (200 گرام سے کم)کی قیمت اب 558 روپے پر کردی گئی ہے جو گزشتہ سال مئی کے تیسرے ہفتے میں 260 روپے تھی، کھلا دودھ 140 سے 150 روپے فی لیٹر کے برعکس اب 200 سے 210 روپے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔