مکوآنہ (این این آئی)شدید دھنداورخشک سردی کی شدت میں اضافہ کے باعث ٹھنڈی، تلی ہوئی یا کھٹی اشیا کھانے سے گلا خراب ہو سکتا ہے جو بعد میں کھانسی، نزلہ اوربخار کا باعث بھی بنتا ہے لہٰذا عوام الناس بالخصوص بچوں کو مذکورہ اشیاء سے پرہیزکی ہدایت کی گئی ہے جبکہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اور پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد کے طبی ماہرین کی جانب سے شہریوں کو موٹر سائیکل چلاتے ہوئے سر اور گردن کو ڈھانپنے کا بھی مشورہ دیاگیاہے۔
فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اورپنجاب میڈیکل کالج و الائیڈ ہسپتا ل کے طبی ماہرپروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار احمدنے بتایاکہ موسم سرما کی شدت سمیت مسلسل سخت دھند، خنک،۱ٓلودہ، سموگ زدہ،خشک موسم بچوں اور بوڑھوں کیلئے وبال جان بن گیا ہے جبکہ نوجوان افراد کی بڑی تعداد بھی مختلف موسمی بیماریوں کا شکار ہو رہی ہے۔انہوں نے بتایاکہ خنک سردی کے باعث تمام عمر کے افراد میں گلے کی خرابی، کھانسی، نزلہ، بخار اور وائرل انفیکشن کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں کا مناسب استعمال اشد ضروری ہے تاہم موٹر سائیکل چلاتے ہوئے سر اور گردن کو ضرور ڈھانپنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھنڈی، تلی ہوئی یا کھٹی اشیا کھانے سے گلا خراب ہو سکتا ہے جو بعد میں کھانسی، نزلہ اور بخار کا باعث بھی بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلا خراب ہو نے کی صورت میں فوری طورپر نیم گرم پانی میں نمک ڈال کر غرارے کرنا مفید ہے تاہم بخار کی صورت میں فوری قریبی ڈاکٹر سے رجوع کیا جا ئے تاکہ بعد میں کوئی پیچیدگی پیدا نہ ہو سکے۔