نوابشاہ(این این آئی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آئندہ حکومت ملنے پر اپنے پلان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہاہے کہ 18 ویں ترمیم کے بعد وفاق کی 17 وزارتیں ختم ہونا چاہئیں، ہم یہ وزارتیں ختم کرینگے ،ان پر خرچ ہونے والے 300 سو ارب روپے عوام پر خرچ کریں گے،واپڈا اور کے الیکٹرک کی ضرورت نہیں، ہم سبز توانائی اور سولر انرجی پر سرمایہ کاری کریں گے، غریبوں کو 300 سو یونٹ تک بجلی مفت دیں گے،تقسیم، نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست دفن کر کے تمام مسائل کا مقابلہ کرسکتے ہیں، ملک کو معاشی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مسائل کا سامنا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے بختاور کیڈٹ کالج برائے خواتین کی سالانہ تقریب میں شرکت کی۔اس دوران انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے باوجود 17 وزارتیں صوبوں کو منتقل نہیں ہوئیں، ہم انشاء اللہ یہ 17 وزارتیں ختم کریں گے، ان پر خرچ ہونے والے 300 سو ارب روپے عوام پر خرچ کریں گے، ان 17 وزارتوں پر 300 ارب روپے خرچ ہوتے ہیں، انہیں ختم ہونا چاہیے تھا، حکومت کی طرف سے ایک ہزار 5 سو ارب روپے سبسڈی دی جاتی ہے، یہ سبسڈی مزدور، کسان کارڈ کے ذریعے عوام کو براہ راست فراہم کریں گے۔