راولپنڈی (این این آئی)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان تین حلقوں ،لاہور ،میانوالی اور اسلام آباد سے الیکشن لڑیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی سزا ختم کرنے کا فیصلہ بھی جلد آجائے گا، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان ملنا اس کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹکٹیں دینے سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے بات چیت کررہا ہوں، 14 جماعتیں اکٹھی ہوجائیں تو بھی ان کو شکست دیں گے، چاہتے ہیں عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کرسکے ، چیف جسٹس سے درخواست ہے عوام کے حقوق پرڈاکا ڈالنے سے روکنے میں کردار ادا کریں۔
اس موقع پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں، ٹکٹوں کا فیصلہ بہت جلد ہوگا، ان امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی جنہوں نے پارٹی کیلئے قربانیاں دیں۔انہوںنے کہاکہ شفاف الیکشن نہ ہونے سے جمہوریت کو نقصان ہوگا، بانی پی ٹی آئی کے پاس جمعرات کو کاغذات نامزدگی لے کر جائیں گے، عمران خان عام انتخابات ضرور لڑیں گے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہمارے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جارہے ہیں، یہ غیر جمہوری عمل ہے، ہم عدالت کا دروزاہ کھٹکھٹائیں گے، چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کے مطالبے کی حمایت نہیں کرتے۔