کراچی(این این آئی)سرچ انجن گوگل نے اگلے چند ہفتوں میں کروڑوں صارفین کے زیر استعمال گوگل پلے موویز اور ٹی وی ایپس کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔رپورٹ کے مطابق گوگل کی بند کی جانے والے ایپس میں گوگل پلے موویز اور ٹی وی ایپ شامل ہیں، یہ سروس پہلے ہی سمارٹ ٹی وی سے ہٹا دی گئی ہے اور جلد ہی اسے فون سروس سے بھی ہٹا دیا جائے گا۔
اس کے بعد 17 جنوری سے گوگل صارفین ایپ کے ذریعے خریدی گئی یا کرائے پر لی جانے والی فلموں تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے، تاہم خریدی گئی فلمیں اور ٹی وی شوز کو مکمل طور پر حذف کرنے کے بجائے اینڈرائیڈ ٹی وی اور یوٹیوب پر منتقل کر دیا جائے گا۔اپنے ایک بیان میں گوگل انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ وہ جنوری 2024 میں گوگل پلے موویز اور ٹی وی کے آخری حصوں کو بھی ختم کر دے گا جس کے بعد گوگل پلے موویز اور ٹی وی مزید اینڈرائیڈ ٹی وی ڈیوائسز یا گوگل پلے ویب سائٹ پر دستیاب نہیں ہوں گے۔اینڈرائیڈ ٹی وی ہیلپ پر ایک حالیہ پوسٹ میں گوگل نے تصدیق کی ہے کہ سروس جلد ہی ان پلیٹ فارمز سے ہٹا دی جائے گی، کمپنی نئی فلموں یا ٹی وی شوز کو خریدنے یا ان تک رسائی کے عمل کو آسان بنانے کیلئے کچھ تبدیلیاں کر رہی ہے۔