لاہور( این این آئی)پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے حساس ڈیٹا کو محفوظ بنانے کیلئے نیشنل سائبر سکیورٹی آپریشن سینٹر قائم کردیا۔ڈائریکٹر جنرل سائبر سکیورٹی ڈاکٹر مکرم خان نے بتایا کہ نیشنل سائبر سکیورٹی سنٹر کو فعال کر دیا گیا ہے جبکہ سینٹر کے قیام کا مقصد ٹیلی کام سیکٹر پر سائبر حملوں سے پیشگی باخبر رہنا اور اس کا تدارک کرنا ہے۔
ڈاکٹر مکرم نے بتایا کہ پاکستان میں گزشتہ ایک عشرے میں سب سے زیادہ سائبر حملے ہوئے، دشمن ممالک پاکستان کو ٹارگٹ کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا کے آنے سے سائبر سکیورٹی کے مسائل بڑھے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مالی فراڈ اور ڈیٹا لیک ہونے جیسے واقعات ہوتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ یورپی یونین سمیت دیگر ممالک میں سوشل میڈیا کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوچکی ہے، سیٹلائٹ لائسنس میں پاکستانیوں کے ڈیٹا کی مقامی ہوسٹنگ یقینی بنائیں گے۔