لاہور (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے ایک بارپھر کہا ہے کہ ہمارے دور کی پالیسیاں جاری رہتیں تو آج پاکستان ترقی میں کئی ممالک سے آگے ہوتا ،پاکستان کے معاشی حالات آگاہ ہیں ، عوام کو مہنگائی ، غربت سے نجات دلانے کیلئے دن رات ایک کردینگے ۔
وہ مسلم لیگ (ن) سعودی کے صدر شیخ سعید کی سربراہی میںملاقات کر نے والے وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔ملاقات میں نائب صدر مسلم لیگ (ن )سعودی عرب محمود الحق ڈوگر ، شاہد ڈوگر اور سعد سعید شیخ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال ، ملکی مسائل سمیت دیگر امور زیر بحث آئے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد نوازشریف نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی عام انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا دوبارہ اقتدار ملا تو پہلے طرح عوام کو مایوس نہیں کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کے معاشی حالات سے مکمل طورپر آگاہ ہیں ،عوام کو مہنگائی ، غربت سے نجات دلانے کیلئے مسلم لیگ (ن) دن رات ایک کر دے گی ۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہمارے دور کی پالیسیاں جاری رہتیں تو آج پاکستان ترقی میں کئی ممالک سے آگے ہوتا ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شیح سعید نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیر اعظم کو جھوٹے کیسز میں بری ہونے پر مبارکباد دی اور عام انتخابات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔