لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دوسروں پر دہشتگردی کے مقدمات بنانے والا خود 9 مئی کا مجرم ہے،سابق چیئرمین پی ٹی آئی دہشتگردی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ ہے، دوسروں کو چور کہنے والے نے ملکی خزانے پر 190 ملین پائونڈ کا ڈاکہ ڈالا، یہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ ہے، سائفر جیسے حساس معاملات پر کھیل کھیلا گیا۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ کابینہ کے سامنے بند لفافہ لہرایا گیا، 60 ارب کا ڈاکہ ڈالا اور پوچھتے ہیں کہ بجلی مہنگی کیوں ہوئی، یہ اتنے بڑے چور ہیں ،واردات بھی ڈالتے ہیں اور ڈھٹائی بھی کرتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے کرسی کا غلط استعمال کرتے ہوئے پیسے حاصل کئے،انہوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا اور دوست ممالک کو ناراض کیا، 190ملین پائونڈ قومی خزانے میں آنے تھے عدالت کے اکائونٹ میں نہیں، ان کی اہلیہ ہیرے جواہرات بٹورتی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھ پر دہشتگردی کا مقدمہ پی ٹی آئی چیئرمین نے بنایا ،اس وقت بنایا گیا جب ہم نے بتایا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی ریاست پر حملہ کرنے آ رہے ہیں، جناح ہائوس اور شہدا ء کی یادگاروں کو جلانے والوں کو حساب دینا ہوگا۔ہم پر یہ دہشتگردی کے مقدمے بناتے رہے اور خود 9 مئی کو ریاست پر حملہ کیا، دوسروں پر دہشتگردی کے مقدمے بنانے والا خود 9 مئی کا مجرم ہے۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف کو پاناما کے معاملے پر نہیں بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر سزا دی گئی، نواز شریف آج بھی عدالت میں اپنے جھوٹے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے مہر لگائی کہ نواز شریف نے کوئی کرپشن نہیں کی، نواز شریف 3 بار وزیر اعظم رہے ان پر کرپشن کا الزام تک نہیں لگا سکے، عوام 8 فروری کو نواز شریف کو پھر وزیر اعظم بنائیں گے۔