لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی اور دیگر کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں روپے کی کرپشن اور کک بیکس وصول کرنے کا ریفرنس سماعت کے لئے مقرر کر دیا گیا۔نیب لاہور کی جانب سے پرویزالٰہی سمیت دیگر کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کا ریفرنس دائرکیا گیا تھا
جس کے مطابق پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے مونس الٰہی سمیت دیگر نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔نیب ریفرنس کے مطابق پرویز الٰہی نے بطور وزیراعلی پنجاب عہدے کاغلط استعمال کیا۔پیر کے روز پرویزالٰہی سمیت دیگر کے خلاف دائر نیب ریفرنس کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد احتساب عدالت کے جج نسیم احمد کی جانب سے ریفرنس کو سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے۔فاضل جج نے ریفرنس کو سماعت کیلئے زبیر شہزاد کیانی کی عدالت میں بھجوایا۔