ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی کابینہ نے ایک بار پھر غزہ میں مکمل جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے جبکہ پاکستان سے تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر مذاکرات کا اختیار وزیر تجارت کو تفویض کیا گیا۔ سعودی وزیر تجارت کو پاکستان کے ساتھ چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کے معاملات پر اختیار دیا گیا۔ سعودی کابینہ نے وزیر تجارت کو مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار بھی دے دیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے تازہ اجلاس میں کابینہ نے اس امر پر زور دیا کہ خطے مکمل استحکام کا حصول صرف ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم ہونے سے ہی ممکن ہے۔سعودی کابینہ کا اجلاس دارالحکومت ریاض میں ہوا ہے۔ اجلاس میں مملکت کی طرف سے مکمل جنگ بندی کے اپنے مطالبے کو دہراتے ہوہے کہا گیاکہ مملکت پورے علاقے میں شہریوں کے تحفظ کو ضروری سمجھتی ہے۔ نیز شہریوں کے لیے امدادی کارروائیوں کے ذریعے ان کی ضروریات پوری کی جائیں۔کابینہ نے قرار دیاکہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سے ہی پورے خطے کے لیے سلامتی و استحکام ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ ایک ایسی آزاد فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔