لوئر دیر (این این آئی)خیبرپختونخوا کے ضلع لوئردیر میں سرکاری اسکول سے تمام خواتین ٹیچرز کا ٹرانسفر ہوگیا، طالبات اپنی مدد آپ کے تحت پڑھنے پر مجبور ہیں ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لوئردیر کا علاقہ میدان سفرے جہاں بچیوں کے سرکاری اسکول میں 100 طالبات زیر تعلیم ہیں تاہم اب ان طالبات کو اسکول میں پڑھانے کے لیے ایک بھی خاتون ٹیچر میسر نہیں ہے۔
محکمہ تعلیم نے اس اسکول سے ایک ایک کرکے تمام 6 خواتین اساتذہ کو دوسرے اسکولوں میں تبادلہ کرکے میدان سفرے کے اس اسکول کو مکمل طورپرخواتین اساتذہ سے محروم کردیا ہے جس کے بعد اور اب اسکول میں طالبات خود حاضری لگاتی ہیں اور خود ہی مل جل کر ایک دوسرے کو پڑھائی میں مدد دیتی ہیں، موجودہ صورتحال پر طالبات کے والدین اور مقامی انتظامیہ پریشان ہے۔جب ای ڈی او ایجوکیشن مہر انسا سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کے دفتر کے دروازے پرتالا نظر آیا اور وہ فون پر بھی عدم دستیاب رہیں البتہ ان کے دفتر میں موجود ملازمین سے پتا چلا ہے کہ ٹرانسفر کی جانے والی خواتین ٹیچرز کے ٹرانسفر آرڈر کی منسوخی کیلئے ڈائریکٹریٹ کو لیٹر لکھا گیا تاہم یہ معاملہ کب حل ہوگا یہ بتانے کو کوئی تیار نہیں ہے۔