ملتان (این این آئی)پی ٹی آئی حقیقی کے چیئرمین راؤ یاسر نے پاکستان تحریک انصاف حقیقی بنانے کا اعلان کر دیا۔ میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی حقیقی کے چیئرمین راؤ یاسر نے کہا کہ حساس اداروں نے عمران خان کو بار بار بتایا کہ آپ کے ساتھ بشری بی بی اور عثمان بزدار کرپشن کر رہے ہیں مگر خان صاحب نے کسی طرف کان نہ دھرے۔
انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو ایسے سبز باغ دکھائے جو ہم اس انتشار اور اس نازک ماحول کے اندر پہنچے۔انہوں نے کہا کہ ایسے حالات پیدا کیے گئے کہ نوجوان اتنے بہک گئے اور انہوں نے ان اداروں کو بھی نہ چھوڑا جو کہ ہمارے ملک کے محافظ ہیں۔انہوںنے کہاکہ میں 9 مئی کے حملے کی مذمت کرتا ہوں اور جن لوگوں نے ایسا کیا ہے، انہیں کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیے۔راؤ یاسر نے کہا کہ ہم نے اپنے قائدین، نوجوان اکٹھے کرکے پاکستان تحریک انصاف حقیقی بنانے کا فیصلہ کیا ہے،
میں ایسے لوگوں کو ساتھ لے کر چلوں گا جو ملک پاکستان کے ساتھ مخلص ہوں گے اور پاکستان کو ترقی کی طرف لے کر جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ جو بے گناہ ہیں، جو قائدین کی وجہ سے غلط ٹریک پر چڑھے، ان لوگوں کو انشا اللہ تعالیٰ میں پورے پاکستان میں جتنے بھی لوگ بے گناہ جیلوں میں ہیں، ان کو اپنی پارٹی میں شمولیت بھی دوں گا، ان کے لیے تحریک بھی چلاؤں گا اور ان کو بازیاب بھی کرواؤں گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی جماعت کا اعلان کیا ہے، دو چار دن میں رجسٹرڈ کروا کر باضابطہ طور پر نشان الاٹ کروا کر رجسٹریشن مہم کا آغاز کروں گا۔