اسلام آباد(این این آئی)اداکارہ و ماڈل حاجرہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے عوام میں بیانیے اور نجی زندگی میں دہرا معیار تھا، انہیں عظیم سمجھا گیا لیکن وہ مختلف شخص تھا۔اسلام آباد میں اداکارہ حاجرہ خان کی کتاب کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں انہوں نے کتاب سے جڑے موضوعات پر گفتگو کی۔انہوںنے کہاکہ میری کتاب میرے تجربات پرمبنی ہے، میں نے کوئی جھوٹ نہیں لکھا بلکہ سچ لکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری عمران خان سے دوستی تھی، انہیں عظیم سمجھا گیا لیکن وہ مختلف شخص تھا، عمران خان کا عوام میں بیانیہ اور نجی زندگی میں دہرا معیار تھا۔حاجرہ خان نے کہاکہ کوئی کتنا ہی خوبصورت، ہینڈسم یا لبھانے والی باتیں کرتا ہو بچیوں کو خود کو بچانا چاہیے، زندگی میں بچیوں کو احساس کرنا چاہیے انہیں کوئی بھی استعمال کرسکتا ہے۔اداکارہ نے کہاکہ میرے والد کا تحریک انصاف کو جوائن کرنا میرے لیے پچھتاوا تھا، ہر انسان کی زندگی میں ظاہر و باطن ایک جیسا ہونا چاہیے، سیاستدان بہترین اداکار ہوتے ہیں وہ آرٹسٹ سے زیادہ بہتر اداکاری کرتے ہیں۔