اسلام آباد (این این آئی)بیرون ملک تعینات پاکستانی سفیروں کے ساتھ ساتھ وزارت خارجہ کے دیگر عملے کو ماہانہ بنیادوں پر امریکی ڈالر میں غیر ملکی/تفریحی الاؤنس دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ حکومت نے دنیا بھر میں بیرون ملک تعینات 100 سے زائد پاکستانی مشنز میں تعینات سفیروں، وزراء، مشیروں، سیکرٹریز اور دیگر عملے کے غیر ملکی اور تفریحی الاؤنسز رواں مالی سال کے بجٹ میں کیے گئے بنیادی تنخواہوں کے علاوہ اضافہ کیا گیا ہے اور اب انہیں یہ الاؤنسز 1 جولائی 2023 سے امریکی ڈالر میں مل رہے ہیں۔
معلومات کے مطابق، وزارت خارجہ کا گریڈ BS-22 کا افسر اب $9690، BS-21 $7832، اور BS-20 کا افسر ہر ماہ $7156 غیر ملکی/تفریحی الاؤنسز کی مد می وصول کر رہے ہیں۔اس کے علاوہ بیرون ملک تعینات وزراء کو 5423 ڈالر، کونسلرز 4828 ڈالر، فرسٹ سیکرٹری 4023 ڈالر، سیکنڈ سیکرٹری 3427 ڈالر اور تھرڈ سیکرٹری کو 2857 ڈالر غیر ملکی اور انٹرٹینمنٹ الاؤنسز ماہانہ مل رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بیرون ملک تعینات سپرنٹنڈنٹ کو 2027ڈالر ، دیگر عملے کو 1858ڈالر اور B-1 اور B-2 اسٹاف کو ماہانہ غیر ملکی الاؤنسز کے حساب سے 1351ڈالر مل رہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ بیوروکریسی میں امتیازی سلوک کا احساس اب بھی برقرار ہے کیونکہ مختلف محکمہ کے سربراہان وزیر خزانہ اور وزیر اعظم کو برابری کی بنیاد پر الاؤنس دینے پر قائل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔گزشتہ پی ڈی ایم حکومت نے پاکستان سیکرٹریٹ میں خدمات انجام دینے والے ڈی ایم جی اور او ایم جی افسران کو 150 فیصد ایگزیکٹو الاؤنس دینے کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں عبوری وزیراعظم نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں کام کرنے والے ایف بی آر افسران کے 140 ایگزیکٹو الاؤنس کی منظوری دی۔