تہران(این این آئی)ایران کی القدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قآنی نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل کے ساتھ حماس کی جنگ بھی جو بھی کرسکے گا وہ کرے گا۔ ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بات ایرانی قدس فورس کے سربراہ نے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد ضیف کے نام اپنے پیغام میں کہا ۔
قدس فورس کے کمانڈر نے محمد ضیف کے نام لکھا کہ آپ کے بھائی مزاحمت میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آپ کے بھائی دشمن کو موقع نہیں دیں گے کہ وہ اپنے غلط عزائم میں غزہ یا اسرائیل میں کامیاب ہوں ۔خط میں اس مزاحمتی محور کا بھی ذکر کیا گیا جس مزاحمتی محورمیں ایران کے حمایت یافتہ حماس کے علاوہ حزب اللہ ، سمیت شام ، یمن اور عراق میں موجود دیگر گروپ ہیں۔قدس فورس کے کمانڈر نے مزید کہاکہ ہم اپنے برادرانہ عہد پر متحد انداز میں قائم ہیں اور آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم اس تاریخی جنگ میں جو بھی کرنا پڑا کریں گے۔