تل ابیب (این این آئی )اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ پر پوری طاقت کے ساتھ حملہ جاری رکھیں گے۔ امریکاغزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے حوالے سے کسی دبا کے سامنے نہ جھکے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ ہم اپنے لیے امریکی فوجی حمایت کو سراہتے ہیں لیکن امریکا میں کچھ آوازیں ایسی ہیں جو ہماری حمایت نہیں کرتیں اور ہم ان سے لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے امریکیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں جنگ کو روکنے کے لیے امریکا میں اقلیتوں کے دبائو کے سامنے نہ جھکیں۔انھوں نے مغرب میں جنگ کی مذمت کرنے والی آوازوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہایسے لوگ ہیں جو لیڈروں پر دبائو ڈال رہے ہیں، لیکن میں ان سے کہتا ہوں کہ دبائو میں نہ آئیں، ہماری جنگ بھی آپ کی جنگ ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ میں نے حزب اللہ کو غلطی کرنے اور جنگ میں داخل ہونے سے خبردار کیا ہے۔ ہم تمام محاذوں، خاص طور پر شمالی محاذ پر آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اغوا کیے گئے لوگوں کی واپسی ہمارے لیے ایک بڑا ہدف ہے۔ قیدیوں کی واپسی کے بغیر کوئی جنگ بندی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات موساد کے ذریعے کیے جارہے ہیں۔نیتن یاہو نے واضح کیا کہ تل ابیب کسی بھی صورت میں غزہ پر سکیورٹی کنٹرول ترک نہیں کرے گا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی کا محاصرہ مکمل کر لیا ہے۔