لندن (این این آئی )برطانیہ کی قومی فضائی کمپنی برٹش ایئرویز(بی اے)نے اپنی نئی وردی ملازمین میں تقسیم کرنا شروع کر دی ہے۔اسے فیشن ڈیزائنر سیوائل رو اور درزی اوزوالڈ بوتینگ نے تیارکیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانوی فضائی کمپنی کی وردی میں گذشتہ قریبا بیس سال میں یہ پہلی بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔
اس میں مردوں کے لیے تیار کردہ تھری پیس سوٹ اور خواتین کے لیے کئی اختیار(آپشنز)شامل ہیں۔ان میں خواتین عملہ کے لیے ایک جدید جمپ سوٹ متعارف کروایا گیا ہے اوریہ کسی بھی ایئرلائن میں متعارف کردہ پہلا لباس ہے۔اس نئی وردی میں حجاب کا آپشن اور نیم آستین والی شرٹ بھی موجود ہے۔
برٹش ائیرویز کا کہناتھا کہ نئی وردی کے رنگ طیارے کے پر کے اوپر ہوا کی نقل و حرکت سے متاثر ہے جبکہ حجاب کو ثقافتی اور مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے آرام اور سہولت کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔جیسے جیسے عملہ نئی یونیفارم پہننا شروع کرے گااور اپنے جولین میکڈونلڈ کپڑے واپس کرے گا توانھیں خیراتی اداروں کو عطیہ کردیا جائے گا یا کھلونے اور ٹیبلٹ ہولڈرز جیسی اشیا بنانے کے لیے دوبارہ استعمال میں لایا جائے گا۔ کچھ ٹکڑوں کو ایئر لائن کے میوزیم کے مجموع میں شامل کیا جائے گا۔