مکوآنہ (این این آئی)ملک سے چاول کی برآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیاد پرکمی ہوئی، تاہم باسمتی چاول کی برآمد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔سٹیٹ بینک کے اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں چاول کی برآمد سے ملک کو417.005 ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 27.16 فیصدکم ہے،
گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں چاول کی برآمدات سے ملک کو530.26 ملین ڈالررمبادلہ حاصل ہواتھا۔ستمبرمیں چاول کی برآمد کاحجم 160.93 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جواگست میں 125.23 ملین ڈالراورگزشتہ سال ستمبرمیں 148.51 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں چاول کی برآمدات کامجموعی حجم 2.111 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں باسمتی چاول کی برآمد سے ملک کو187.35 ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 29 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں باسمتی چاول کی برآمد سے ملک کو145.20 ملین ڈالرکا زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔پہلی سہ ماہی میں چاول کی دیگراقسام کی برآمدات کاحجم 229.65 ملین ڈالررہا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 385.05 ملین ڈالرتھا۔