ممبئی (این این آئی)بھارتی سِٹ کام ’سارا بھائی ورسیز سارا بھائی‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ویبھاوی اپادھیائے کار حادثے میں چل بسیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے پروڈیوسر جے ڈی مجیتھیا نے اداکارہ کی موت کی خبر مداحوں کو دی کہ ان کی گاڑی کو بھارت کے شمالی علاقہ جات میں حادثہ پیش آیا۔
انہوں نے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ زندگی بہت غیر متوقع ہے، ایک بہترین اداکارہ اور دوست ویبھاوی اپادھیائے، جنہوں نے ’سارا بھائی ورسیز سارا بھائی‘ میں ’جیسمین‘ کا کردار نبھایا تھا ان کی گاڑی بھارت کے شمالی علاقہ جات میں حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں انہوں نے زندگی کی بازی ہار دی‘۔جے ڈی مجیتھیا نے گزشتہ شب انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے مزید بتایا کہ ان کے اہل خانہ آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے انہیں (آج) صبح 11 بجے ممبئی لے کر آئیں گے‘۔خیال رہے کہ ویبھاوی اپادھیائے نے دیپیکا پڈوکون کے ساتھ 2020 میں فلم ’چھپاک‘ اور ’تیمیر‘ (2023) میں بھی کام کیا تھا۔