لاہور ( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے وطن واپسی پر نواز شریف کو مبارکباد پیش کی ۔ ٹیلیفونک رابطے میں سیاسی صورتحال ، آئندہ عام انتخابات سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
دونوں رہنمائوں نے ٹیلیفونک رابطے کے دوران اتفاق کیا کہ ریاست کو بچانے کے لئے سب مل کر اپنا کردار ادا کریں گے ۔ جبکہ معاشی مشکلات اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے اہم فیصلے کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف اور آصف زرداری نے ایک دوسرے کو ملاقات کی دعوت دی ۔ جس کے تحت دونوں رہنمائوں میں جلد ملاقات بھی متوقع ہے۔