فیصل آباد(این این آئی)سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیاہے۔انہوںنے کہاکہ الیکشن کے بعد ہم حکومت بنائیں گے، کوئی ملک یا گھر نفرت کی بنیاد پر قائم نہیں ہوسکتا۔فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ الیکشن کے بعد ہم حکومت بنائیں گے،
مہنگائی کا شور ڈالنے والے 2017-18 کو یاد کریں، مسلم لیگ ن نے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا،کوئی ملک یا گھر نفرت کی بنیاد پر قائم نہیں ہوسکتا، اگر کوئی پاگل ہوجائے تو جب تک اسے باندھیں گے نہیں گھر نہیں چلے گا۔انہوںنے کہاکہ امین پور کے عوام نے پینے کے پانی اور گیس کا مطالبہ کیا ہے، گیس، صاف پانی اور نکاسی آب کی سہولت عوام کو دیں گے، اللہ پاک اچھا وقت لے کر آئے، آپ کے تمام جائز کام کروائیں گے، ہم نے دوبارہ وعدہ کیا ہے کہ ملک کو دوبارہ مسائل سے نکالیں گے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمارے دور میں چینی 52روپے کلو، پیٹرول 65اور ڈالر 110روپے تک تھا، جب ملک ترقی کررہا تھا تو پاگل خان کا تجربہ کرنے کی کیا ضرورت تھی، اقتدار مل گیا تھا تو تم ملک کو ترقی کی راہ پر چلاتے، شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پیشکش کی تھی کہ وزیراعظم بن گئے ہیں آ مل کر چلیں، پی ٹی آئی دور میں نفرت کی بنیاد پر ملک چلایا گیا۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ جب آپ ووٹ دیں گے، 5سال کا مینڈیٹ ہوگا تو تب ملک ترقی کرے گا، اپنے گھر کی ہیروئن ہماری گاڑیوں میں رکھ کر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، اللہ پاک نے ہمیں بچایا، 9 مئی ہم نے نہیں کیا، آپ لوگوں نے کیا۔