ممبئی (این این آئی)بھارتی اداکار ادتیا سنگھ راجپوت پراسرار طور پر اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ پولیس نے وجہ موت جاننے کیلیے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 32 سالہ ادتیا سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ کے بیت الخلا میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ادتیا کے دوست جب ان سے ملنے کیلیے گھر پہنچے تو انہیں واش روم میں پڑا پایا۔ان کے دوست اور عمارت کے چوکیدار انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال لے کر گئے جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔وجہ موت جاننے کے لیے پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا تاہم میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ مبینہ طور پر منشیات کے ضرورت سے زائد استعمال کی وجہ سے ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ ادتیا سنگھ راجپوت نے اپنے کیریئر کی شروعات 17 برس کی عمر میں کی تھی جبکہ وہ ’کرانتی ویر‘ اور ’میں نے گاندھی کو نہیں مارا‘ جیسی بڑی فلموں میں بھی کام کیا۔