لاہور ( این این آئی) سابق وزیراعظم وپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے ترکیہ کے عوام کو جمہوریہ کے قیام کے 100سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔سابق وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اپنے بھائی رجب طیب اردوان اور ترکیہ عوام کو جمہوریہ کے قیام کے 100 سال مکمل ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
آج ہم مختلف شعبوں میں ترکیہ کی بھرپور کامیابیوں اور ترقی کی خوشیاں منارہے ہیں، ہم نے دیکھا کہ ان 100 برس کے دوران ترکیہ کے ہمارے بھائی بہنیں کئی آزمائشوں اور امتحانوں سے گزرے۔ بڑے بڑے بحران انہیں آگے بڑھنے سے روک نہیں سکے اور ان کے پختہ عزم نے مشکلات کو مواقع میں بدل دیا۔ شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی سطح پر شدید اضطرابی ماحول میں بالخصوص جمہوری وخوش حال ترکیہ خطے اور اسلامی دنیاکے استحکام کا اہم سبب ہے۔
مشترک تاریخ وعقیدے پر مبنی ہمارا بھائی چارہ واضح کرتا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ ایک قوم ہیں جو دو ریاستوں میں آباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ان تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے بانی کمال اتا ترک سے لے کر صدر رجب طیب اردوان تک ترکیہ کی ترقی کے لئے اپنا خون، پسینہ اور اشک بہائے ہیں۔ آنے والے 100 سال پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بھائی چارے، دوستی اور شراکت داری کی عظیم مثال بنیں گے۔