لاہور ( این این آئی) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ایک روپیہ نہیں کھایا، پتہ نہیں مجھ پر کہاں سے یہ ریکوری ڈال کر لے آئے ہیں۔انہوں نے ضلعی کچہری میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ میں نے اپنی ساری زندگی اللہ کی رضا کے لئے کام کیا ہے، میں نے لوگوں کی خدمت کی ہے،
وہ شہبازشریف والی خدمت نہیں، رات کو میرے پاس کوئی بندہ نہیں آیا، پتہ نہیں کہاں سے ریکوری ڈال کر لے آئے۔پرویز الٰہی نے کہا کہ میں رات بھر اینٹی کرپشن میں سویا رہا ہوں، مجھے تو ادھر آکر پتہ چلا ریکوری ڈال لائے ہیں، یہ اپنی نوکریاں پکی کرنے کے چکر میں ہیں، سب سے زیادہ نوکریاں بھی میں نے دی ہیں۔خیال رہے کہ اینٹی کرپشن حکام نے عدالت کو بتایا کہ پرویز الٰہی سے 45لاکھ روپے کی ریکوری کی ہے ۔ جس پر عدالت نے انہیں مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیا ۔