نیویارک(این این آئی)سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر)نے صارفین کے لیے آڈیو اور ویڈیو کالنگ کا فیچر متعارف کرادیا ہے۔یہ پہلا موقع ہے کہ ایکس پر فیس بک، انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ اور واٹس ایپ جیسا فیچر پیش کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ دہائی کے دوران ایکس پر آڈیو یا ویڈیو کال فیچر کو پیش نہیں کیا گیا تھا، تاہم ایلون مسک کی جانب سے کمپنی کو خریدے جانے کے بعد اس میں متعدد تبدیلیاں کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
ابتدائی طور پر مئی 2023 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایکس پر ویڈیو اور آڈیو کالز کے فیچر کو پیش کیا جائے گا اور اب ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ پلیٹ فارم پر آڈیو اور ویڈیو کالنگ کا ابتدائی ورژن متعارف کروایا گیا ہے۔اب جسے کال کرنی ہے اس کے DM میں جاکر فون آئکن کو کلک کرنا ہوگا جو آپ کی اسکرین کے اوپر کی طرف دائیں کونے میں موجود ہوگا اور آڈیو یا ویڈیو کال کا انتخاب کر کے کال کر سکتے ہیں۔ایکس کے آفیشل اکائونٹ پر اس فیچر کا اعلان تو نہیں کیا گیا تاہم ایکس کی جانب سے لکھا گیا کہ کیا آپ اس کے لیے تیار ہیں؟تاہم یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ اس فیچر کو کتنے ممالک میں متعارف کروایا گیا ہے یا پھر اسے پریمیم صارفین کے علاوہ عام صارفین بھی استعمال کرسکتے ہیں یا نہیں۔تاہم پاکستان میں ابھی یہ فیچر متعارف نہیں ہوا ہے۔