کراچی(این این آئی) پی آئی اے کی جانب سے پاکستان اسٹیٹ آئل کو واجبات کی ادائیگی کردی گئی جس کی تصدق پی ایس او نے کردی ہے جس کے بعد پروازوں کو فیول فراہم کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے پی ایس او کو 10کروڑ روپے کی ادائیگی مکمل کردی گئی ہے۔اس حوالے سے پی ایس او حکام کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے پورے دن 3قسطوں میں10کروڑ90لاکھ کی ادائیگی کی۔
پی آئی اے کو معاہدے کے تحت یومیہ آپریشن کیلئے کم ازکم 10کروڑ روپے ادا کرنا ہیں، پی آئی اے کو18پروازوں میں فیول فراہم کیا گیا ہے۔پی ایس او حکام نے بتایا کہ پی آئی اے نے ادائیگی کے ساتھ فیول کیلئے درکار پروازوں کی فہرست بھی دی، جن پروازوں کی فہرست دی گئی ان کو لمٹ پوری ہونے تک فیول دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی یومیہ پروازیں منسوخ ہونے سے یومیہ بکنگ انتہائی کم سطح پر پہنچ گئی ہے، دوسری جانب پہلے سے بک شدہ ٹکٹس کینسل کرانے کے عمل میں بھی تیزی آگئی ہے۔