لاہور ( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے وطن واپسی پر تاریخی استقبال پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کے فضل سے پاکستان اور عوام پھر سے بحرانوں سے نجات پائیں گے۔
انہوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر ) پر اپنے بیان میں کہا کہ 21 اکتوبر کو تاریخی استقبال اور مینار پاکستان پر ایک ناقابل فراموش اجتماع منعقد کرنے پر عوام، خاص طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اور ملک بھرسے تشریف لانے والے نوجوانوں، خواتین سمیت تمام کارکنوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ نواز شریف نے کہا کہ آپکی محبت، محنت اور خلوص میرا قیمتی اثاثہ تھا، ہے اور رہے گا۔ اللہ تعالی کے فضل اور آپکے جذبے کے طفیل پاکستان اور عوام پھر سے بحرانوں سے نجات پائیں گے، انشااللہ۔