لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کئی سالوں کے بعد آپ سے ملاقات ہورہی ہے، آپ سے میرا پیار کا رشتہ قائم و دائم ہے، اس رشتے میں کوئی فرق نہیں آیا، میرا اور آپ کا رشتہ کئی دہائیوں سے چل رہا ہے، نہ کبھی آپ نے مجھے دھوکا دیا ہے نہ میں نے کبھی اپ کو دھوکا دیا۔
نواز شریف کا کہنا تھامیں نے دن رات محنت کرکے ملک کے مسائل حل کیے، میرے خلاف جعلی کیسز بنائے گئے،جلیوں میں ڈالا گیا، شہبازشریف اور مریم نواز کے خلاف کیسز بنائے گئے ہم نے لوڈشیڈنگ شروع نہیں کی،ختم کی، 2013 میں 18، 18 گھنٹے آپ کے گھروں میں بجلی نہیں آتی تھی، بجلی میں نے مہنگی نہیں کی بلکہ سستی کی۔
نواز شریف کا کہنا تھاکہ یہ ہماراملک ہے، یہاں پیدا ہوا ہوں، پاکستان کی محبت میرے دل میں ہے، اینٹ کا جواب پتھر سے دوں، میں ایسا نہیں کرتا، مجھے 5 ارب ڈالر کی پیش کش تھی، وزارت خارجہ میں اس کا ریکارڈ موجود ہوگا۔ان کا کہنا تھا میرے دل میں انتقام کی تمنا نہیں، قوم کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔
پچھلی حکومت کے لوگ ایک، ایک ارب ڈالر کی بھیک مانگ رہے تھے، دنیا کا طاقتور صدر مجھے کہہ رہا تھا دھماکے نہ کرنا لیکن ہم نے دھماکے کیے، میری جگہ کوئی اور ہوتا تو کیا وہ امریکی صدر کے خلاف بول سکتا تھا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مجھے جیلوں میں ڈالا گیا، ہتھکڑیاں لگائی گئیں، جب بھی موقع ملا پاکستان کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا، والدہ اور بیوی میری سیاست کی نذر ہوگئیں، والد اور والدہ کو قبر میں اتارنے سے محروم رہا۔