لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو مٹانے والے کتنے آئے اورچلے گئے ،جو کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی وہ اپنی سکرین پر دیکھ لیں نواز شریف پوری آن بان اورشان کے ساتھ اپنے ملک اپنے گھر اپنی مٹی اپنے لوگوں میں واپس آ چکا ہے ۔
مینار پاکستان میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں آپ کو دل کی گہرائیوں سے نواز شریف کے استقبال کے لئے مینار پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتی ہوں، یہاں پر پنجاب بھی ہے ،سندھ بھی ہے ،خیبر پختوانخواہ،گلگت بلتستان، آزاد کشمیر بھی ہے ،بلوچستان بھی ہے ۔یہاں پر پنڈال بھرا ہوا ہے ،باہر ساری سڑکیں جام ہیں ،رنگ روڈ ،موٹر وے سب جام ہیں ،سمجھ نہیں آرہی وہ کہاں سمائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو یہ بتانا تھا کہ عزت اور ذلت خدا کے ہاتھ میں ہے اللہ تعالیٰ جس کو عزت دینا چاہیے اسے کوئی نہیں چھین سکتا ،ساری دنیا بھی مل جائے کسی کو ختم کرنا چاہے لیکن اللہ نہ چاہے تو کوئی ختم نہیں کر سکتا ، نواز شریف اس کی زندہ مثال ہے ۔یہاں پر کچھ سالوں سے کسی کو عزت دینے کی کوشش کی جاتی رہی ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف آج پھر آپ کے درمیان موجود ہے ،اللہ کی شان پر میں اس کے سامنے سر جھکاتی ہوں ،
نواز شریف کو مٹانے کتنے آئے اورچلے گئے ، جو کہتے ھے نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی وہ اپنی سکرین پر دیکھ لیں ،وہ آج پوری آن بان اورشان کے ساتھ اپنے ملک اپنے گھر اپنی مٹی اپنے لوگوں میں موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی تھی مینار پاکستان بہت بڑی جگہ ہے مجھے پتہ نہیں تھا مسلم لیگ (ن) کے شیروں کے لئے یہ میدان بھی چھوٹا پڑ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ جانتے ہیں اس میں تکبیر کا نعرہ کس نے لگایا تھا ،28مئی کو جب اللہ کے فضل و کر م سے نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا تھا اس دن قوم نے نعرہ تکبیر لگایا تھا ۔