اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے قافلے مینارِ پاکستان کے لیے روانہ ہونا شروع ہو گئے۔( ن) لیگ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ 21 اکتوبر کو نوازشریف کے استقبال کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔گلگت بلتستان سے پارٹی کارکنوں کا قافلہ لاہور کے لیے روانہ ہو گیا ہے جبکہ سندھ سے خصوصی ٹرین کالاہور کے لیے روانہ ہونے کا بتایاگیا ۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹرینوں اور گاڑیوں کو نواز شریف کی تصاویر، نعروں اور پیغام سے سجایا گیا ہے جبکہ خیبرپختون خوا اور بلوچستان سے کارکنوں کو لے کر خصوصی ٹرینیں (آج) جمعہ کو روانہ ہوں گی۔(ن )لیگ کے مطابق ملک بھر سے قافلوں کی لاہور آمد کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، ٹریفک سمیت دیگر انتظامات کے لیے کمیٹیوں نے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔مسلم لیگ ن نے اعلامیے میں کہا ہے کہ مینارِ پاکستان پر اسٹیج کو بھی حتمی شکل دے دی گئی۔