لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر جلسہ گاہ پہنچنے کا پلان مرتب کر لیا گیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کے ایئر پورٹ سے مینار پاکستان تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچنے کا پلان مرتب کیا گیا ہے، سابق وزیر اعظم کا ہیلی کاپٹر اتارنے کے لیے بھی پلان بن گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا ہیلی کاپٹر شاہی قلعہ دیوان عام کے سامنے گرائونڈ میں لینڈ کرے گا، شاہی قلعہ دیوان عام کی گرائونڈ سے نواز شریف کو مینار پاکستان تک گاڑی میں بٹھا کر لایا جائے گا، میاں نواز شریف شاہی قلعہ اور گردوارہ کے درمیان سڑک کے راستے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔21اکتوبر کو شاہی قلعہ عام عوام کے لیے بند رکھنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے جبکہ شاہی قلعہ اور گردوارہ آنے جانے والا راستہ بھی 21اکتوبر کو عام عوام کے لیے بند رکھا جائے گا۔