ممبئی (این این آئی) بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے مذاق اڑانے والی بھارتی خاتون یوٹیوبر کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سونم کپور نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ راگنی نامی یوٹیوبر نے اپنی ویڈیو میں اداکارہ، شوہر آنند آہوجا اور ان کے فیشن برانڈ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔
سونم کپور کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ یوٹیوبر فوری طور پر اپنے چینل سے وہ ویڈیو ڈیلیٹ کریں جس میں اداکارہ کا مذاق اڑایا گیا ہے اور ساتھ ہی مستقبل میں ایسا دوبارہ نہ کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا کہ اگر یوٹیوبر راگنی نے اپنے چینل سے ویڈیو ڈیلیٹ نہیں کی تو سونم کپور اپنی ساکھ کی حفاظت کے لیے مزید قانونی کارروائی کریں گی۔
دوسری جانب یوٹیوبر راگنی نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر سونم کپور کی جانب سے بھیجا گیا نوٹس پوسٹ کیا اور کہا کہ میری جس ویڈیو پر نوٹس بھیجا گیا ہے وہ ان بیانات پر مبنی تھی جو سونم کپور نے عوامی تقریبات میں دیئے تھے۔دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے سونم کپور کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹیوبر راگنی نے اپنی ویڈیو میں کوئی ایسی غلط بات نہیں بولی ہے جس سے اداکارہ کی ساکھ پر منفی اثر پڑے۔