لاہور( این این آئی) چین نے سی پیک میں شامل 1726کلومیٹر ریلوے ٹریک ایم ایل ون کی منظوری دیدی۔ذرائع کے مطابق ریلوے ٹریک ایم ایل ون منصوبے پر 6 ارب 67کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔ جدید ریلوے ٹریک کراچی سے پشاورتک بچھایا جائے گا۔ایم ایل ون پر آنے والی لاگت قرض کی صورت میں منظورکی گئی ہے،
پاکستان کو6ارب 67کروڑڈالرز کی خود مختارگارنٹی فراہم کرنا ہوگی،خودمختارگارنٹی ملتے ہی منصوبے پر عملدر آمد شروع ہو جائے گا، پاک چین منصوبے کاپی سی ون اگست 2020ء میں منظور ہوا تھا۔2030میں مکمل ہونے والے ایم ایل ون منصوبے پر 90فیصد پاکستانی اور 10فیصد چینی ماہرین ولیبر کام کرے گی جبکہ منصوبے پر ایک سے 2لاکھ مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
منصوبے کے تحت 174کلومیٹر ریلوے ٹریک پشاور سے نوشہرہ اور راولپنڈی پہنچے گا، راولپنڈی سے لالہ موسی کا 105 کلومیٹر اور خانیوال سے پنڈورا کا 52 کلومیٹر طویل ڈبل ٹریک بنے گا جبکہ لاہور سے لالہ موسی کا 132کلومیٹر، لاہور سے ملتان 339کلومیٹر کا ڈبل ٹریک بھی مکمل کیاجائے گا۔ نواب شاہ سے 183کلومیٹر ٹریک روہڑی سے ملائے گااور حیدرآباد سے کیماڑی کا 182کلومیٹر کا ٹریک بنایا جائے گا جبکہ منصوبے کے تحت حیدرآباد ملتان کے درمیان طویل ترین 749 کلومیٹر کا ٹریک بھی ڈبل اور اپ گریڈ ہوگا۔