احمد آباد (این این آئی)بھارتی کھلاڑیوں نے پاک بھارت ٹاکرے کیلئے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کے ساتھ مقابلے کے لیے تیاری مکمل ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئیبھارتی کرکٹ ٹیم کے بیٹر ویرات کوہلی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مقابلے کے لیے تیاری مکمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے آپ کو اپنی بہترین کرکٹ کھیلنی ہے، پاک بھارت کرکٹ چیلنجنگ ہوتی ہے۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کوئی خاص تیاری نہیں کرنی ہوتی، میچ کے دن اچھا کرنا ہوتا ہے، اپنے کھیل کی اسٹریٹجی تبدیل نہیں کرنی۔بھارتی کھلاڑی ہاردک پانڈیا نے کہاکہ پاکستان کے خلاف کھیلنے کا تجربہ ایسا پہلے کسی نے نہیں کیا ہوگا، دنیا کے سب سے بہترین گراؤنڈ میں پاک بھارت میچ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔ہاردک پانڈیا نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ کے احساسات کسی خواب سے کم نہیں ہوتے۔بھارتی بیٹر کے ایل راہول نے کہا کہ پاک بھارت میچ کے لیے جذبہ ہمیشہ رہے گا، پاکستان کے خلاف اپنی سر زمین پر پہلی بار کھیلنے پر پْرجوش ہوں۔