خیرپور (این این آئی)کار اور وین کے درمیان خوفناک تصادم میں 12 افراد جاں بحق جبکہ11 زخمی ہوگئے ہیں۔، وین کے بدقسمت مسافر سکھر سے خیرپور جا رہے تھے۔حادثہ ببرلوئی بائی پاس پر فرحان شاہ پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا،حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور پولیس نے جائے حادثہ پہنچ کرلاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال خیرپور اور سکھر منتقل کیا،
جہاں زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔پولیس حکام کے مطابق حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوپائی ہے۔ڈپٹی کمشنر خیرپور سید فواد شاہ نے میڈیا یو تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں 12 افراد جاں بحق اور 11افراد زخمی ہوئے ہیں، 3افراد کی لاشیں خیرپور اسپتال جبکہ 9کی سکھر اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر نے خیرپور کے قریب قومی شاہراہ پر افسوسناک حادثے کا نوٹس لے لیا۔ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق جسٹس (ر)مقبول باقر نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہارکیا اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ جو مسافر حادثے میں شہید ہوئے ہیں ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔